منگل 9 جون 2026 - 00:30
عید غدیر کا پیغام، خدمتِ انسانیت اور طبی ذمہ داریاں

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین سید زائر عباس نقوی نے کہا: حقیقی شفا اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے جبکہ ڈاکٹرز اس کے فضل و کرم سے انسانیت کی خدمت کا عظیم فریضہ انجام دیتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عید غدیر کی مناسبت سے ملتان میں سینئر ڈاکٹرز اور میڈیکل کے طلبہ کے سالانہ اجتماع اور علمی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے حجت الاسلام والمسلمین سید زائر عباس نقوی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے طب سے تعلق رکھنے والے سینئر ڈاکٹرز، نوجوان معالجین اور میڈیکل کے طلبہ نے شرکت کی جبکہ شرکاء نے اپنی سالانہ فلاحی، تعلیمی اور طبی سرگرمیوں کی رپورٹس بھی پیش کیں۔

حجت الاسلام والمسلمین سید زائر عباس نقوی نے اپنے خطاب میں عید غدیر کی اہمیت اور اس کے اعتقادی و فکری پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: واقعہ غدیر اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور فیصلہ کن موڑ ہے جس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت امام علی علیہ السلام کی ولایت و امامت کا اعلان فرما کر امت کی ہدایت اور رہنمائی کا راستہ واضح کر دیا۔

انہوں نے کہا: غدیر صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ دین کی تکمیل، نعمتِ الٰہی کے اتمام اور قیادتِ الٰہی کے تسلسل کا اعلان ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین نقوی نے مزید کہا: امامت کا تصور اسلامی معاشرے میں عدل، خدمت، اخلاق اور انسانی کرامت کے فروغ کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ اگر معاشرہ اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات اور سیرت سے وابستہ رہے تو فلاح، وحدت اور ترقی کی راہیں ہموار ہو سکتی ہیں۔

عید غدیر کا پیغام، خدمتِ انسانیت اور طبی ذمہ داریاں

انہوں نے اپنی گفتگو میں قرآن کریم کی آیت «وَإِذَا مَرِضْتُ فَهُوَ يَشْفِينِ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: حقیقی شفا اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے جبکہ ڈاکٹرز اس کے فضل و کرم سے انسانیت کی خدمت کا عظیم فریضہ انجام دیتے ہیں۔ طب کا شعبہ عبادت، ایثار اور خدمتِ خلق کا ایک اہم میدان ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین سید زائر نقوی نے ڈاکٹرز اور میڈیکل کے طلبہ کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: طبی شعبے سے وابستہ افراد معاشرے کی صحت، جانوں کے تحفظ اور انسانی مشکلات کے ازالے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لیے انہیں علمی مہارت کے ساتھ ساتھ دینی اقدار، اخلاقی اصولوں اور انسانی ہمدردی کو بھی اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔

قابل ذکر ہے کہ اس پروگرام میں ملتان کے ڈاکٹرز کے اس فعال گروہ کی مختلف خدمات کو بھی اجاگر کیا گیا جو "IMO" کے نام سے ایک ادارے کے تحت فلاحی اور تعلیمی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔ ادارے کی جانب سے شیعہ آبادیوں میں فری میڈیکل کیمپس اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جبکہ میڈیکل کے شعبے میں زیر تعلیم طلبہ کی علمی، تعلیمی اور تربیتی معاونت بھی کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف تربیتی، طبی اور آگاہی کیمپس کا انعقاد بھی ادارے کی نمایاں خدمات میں شامل ہے۔

پروگرام کے اختتام پر حجت الاسلام والمسلمین سید زائر عباس نقوی نے ڈاکٹرز، میڈیکل کے طلبہ اور فلاحی سرگرمیوں میں مصروف رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی مخلصانہ کاوشوں کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور انہیں عوام الناس، بالخصوص نوجوان نسل کی خدمت کے لیے مزید توفیقات سے نوازے۔

عید غدیر کا پیغام، خدمتِ انسانیت اور طبی ذمہ داریاں

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha